لاہور: (ویب ڈیسک) ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپیہ کی قدر گرواٹ شکار رہی، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر157 روپے سے بڑھ کر 159 روپے کی بلند سطح پر جا پہنچی۔
ایک ہفتے میں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 1.27 روپے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 157.38 روپے سے بڑھ کر 158.75 روپے اور قیمت فروخت 157.78 روپے سے بڑھ کر 159.05 روپے ہو گئی۔
اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 2 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ڈالر کی قیمت خرید 156.50 روپے سے بڑھ کر 159 روپے اور قیمت فروخت 157.50 روپے سے بڑھ کر 159.50 روپے پر جا پہنچی۔
یورو کی قدر ایک ہفتے میں 2.50 روپے بڑھ گئی، یورو کی قیمت خرید 175 روپے سے بڑھ کر 178.50 روپے اور قیمت فروخت 178 روپے سے بڑھ کر 180.50 روپے ہو گئی، 3.50روپے کے اضافے سے پاؤنڈز کی قیمت خرید 195 روپے سے بڑھ کر 199.50 روپے اور قیمت فروخت 198 روپے سے بڑھ کر 201.50 روپے ہو گئی۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہفتے کے دوران مجموعی طور مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 500 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی، انڈیکس 34 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد گنوا بیٹھا اور 33 ہزار 600 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا۔ مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 105 ارب روپے ڈوب گئے جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 69 کھرب روپے سے گھٹ کر 68 کھرب روپے کی سطح پر آگیا۔