اوپن مارکیٹ: امریکی ڈالر 20 پیسے سستا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی

Last Updated On 23 July,2019 05:38 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کی تیزی کو بریک لگ گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہو گیا۔

 

دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز روپے کے مقابلے میں ڈالر میں گراوٹ دیکھی گئی جس کے بعد امریکی کرنسی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قدر کو بریک لگ گئی ہے، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر 20 پیسے سستی ہو گئی ہے جس کے بعد ڈالر 160 روپے 60 پیسے پہنچ گیا ہے۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر مستحکم رہی، مارکیٹ کے اختتام تک کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ڈالر کی قدر 160 روپے 53 پیسے کی سطح پر برقرار رہی۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کے انڈیکس میں تیزی کے بعد 32700 کی حد بحال ہو گئی ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی، مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 131.3 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی، مارکیٹ میں 0.4 فیصد کاروباری بڑھا۔

ایک موقع پر حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 32758.44 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تاہم دوران ٹریڈنگ شیئرز کی فروخت کیوجہ سے انڈیکس میں مندی دیکھی گئی جس کے بعد سٹاک مارکیٹ انڈیکس 32455.10 کی سطح پر پہنچا۔

تاہم اس دوران سرمایہ کاروں کی طرف سے ایک مرتبہ پھر دلچسپی دیکھی گئی جس کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس کاروباری کے اختتام پر 32715.88 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
 

Advertisement