لندن: (دنیا نیوز) پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان لارڈ نذیر کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے باہر کامیاب احتجاج سے مودی اور انٹیلی ایجنسی را بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی۔
لندن میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کل کے کامیاب احتجاج کے بعد الزام تراشی پر اتر آیا ہے جو بے بنیاد اور غلیظ پراپیگنڈہ ہے، ہم نے مظاہرے سے قبل ہی را کے اوچھے ہتھکنڈوں بارے متنبہ کر دیا تھا۔
لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے بارے میں مظاہرین نے لندن سے بھارت کو واضح پیغام دے دیا، پاکستان کو سلامتی کونسل میں کشمیر کی آزادی اور خودمختاری کی بات کرنی چاہیے۔
پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو بھارت کے ساتھ اربوں ڈالرز کے معاہدے معطل کر دینے چاہئیں۔ اگر معاہدے معطل نہ کئے تو لندن میں سعودی ہائی کمشن کے باہر احتجاج کی کال دے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ را کی فنڈز پر بعض شدت پسند ہندوؤں نے مظاہرہ خراب کرنے کی کوشش کی۔ پولیس خود کہہ رہی ہے مطاہرین پرامن تھے، ہزاروں کی تعداد میں آنے والے افراد کا شکر گزار ہوں۔ علما کرام، مشائخ، ترکی، بنگلہ دیشی، سکھ اور دیگر کمیونٹیز کا شکریہ جو کل کے مظاہرے میں شریک ہوئے۔