نئی دہلی: (دنیا نیوز) اجمیر شریف کے سجادہ نشین سید سرور چشتی نے کہا ہے بھارت میں مودی سرکار نے مسلمانوں کا جینا حرام کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سیکولرزم کا سبق نہ پڑھایا جائے، وہ ہندو سمیت تمام افراد کا احترام کرتے ہیں۔
اجمیر شریف کے گدی نشین سید سرور چشتی نے بھارتی عدالتی نظام کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا پہلو خان کے قتل میں ملوث مجرموں کو ثبوتوں کے باوجود رہا کر دیا گیا، مودی سرکار نے جمہوریت کا قتل کیا ہے، مسلمانوں کو گائے ذبح کرنے کے الزام میں قتل کیا جا رہا ہے، ہندوستان کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔
سید سرور چشتی کا کہنا تھا کشمیر میں کرفیو لگا دیا گیا، معصوم بچے دودھ کے لئے ترس رہے ہیں، بی جے پی کے لوگوں کی جانب سے کشمیری خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ قابل مذمت ہیں، ہندوستان کے مسلمانوں کو اختلافات بھلا کر متحد ہونا پڑے گا۔