اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزیراعظم عمران خان کی تشکیل کردہ 8 رکنی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس جاری ہے جس میں بھارتی غاصبانہ اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں 50 سال بعد مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل میں بحث اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا، مقبوضہ جموں و کشمیر کی تالا بندی، کشمیریوں کی حالت زار بھی زیر بحث آئے گی۔ بھارت کی جانب سے جارحیت اور جوہری خطرات پر بھی غور ہوگا۔ اجلاس میں بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزیوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوگی۔
پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے سربراہ سید فخر امام، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وفاقی وزیر قانون، وزیر اطلاعات و نشریات، اٹارنی جنرل انور منصور، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز، ڈی جی آئی ایس پی آر بھی اجلاس کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی احمر بلال صوفی کمیٹی اجلاس میں موجود ہیں۔