مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں بے نقاب کیا، وزیراعظم بھی کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے نیویارک جا رہے ہیں، بھارت کیساتھ تمام معاہدوں کی نظر ثانی ہو گی۔ چین اقوام متحدہ میں کشمیر کا وکیل ہے۔
مظفر آباد کے مہاجر کیمپ میں اپنے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے ستمبر میں نیویارک جا رہے ہیں، مودی آج وہ کام کر رہے ہیں جو ہٹلر نے کیا تھا۔ کشمیر کا تنازع 3 دہائیوں سے کبھی ٹریڈ اور کبھی ایڈ کی نذر رہا، بھارت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں کشمیری آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ یہ کشمیر کی آزادی کی لڑائی ہے، کشمیریوں نے بھارتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔ موجودہ حکومت ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔ دورہ چین کے دوران چینی وزیرخارجہ اور قیادت کے سامنے کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کو علیحدہ کیا گیا اس پر چین کو بھی اعتراض ہے۔ چین کی رائے سے پالیسی بنانے میں مدد لیں گے جسکے بعد اقوام متحدہ کے دروازے پر دستک دیں گے۔ چین اقوام متحدہ میں کشمیر کا وکیل ہے۔