اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور اپنے ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت غیر آئینی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے، بھارت کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی غیر آئینی اقدامات خطے میں امن و امان کے لیے شدید خطرات کا باعث ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا تھا روس اس ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان اور بھارت کو تمام تصفیہ طلب امور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہیے۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی روابط جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔