نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارت کے خلائی مشن کو غیر معمولی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑگیا۔ چاند پر جانے کا خواب چکنا چور، وزیراعظم نریندر مودی شدید مایوسی کے عالم میں سپیس ایجنسی کے ہیڈ کوارٹرز سے اٹھ کر چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کو گزشتہ شب پوری دنیا میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی ماہرین چاند کی سطح پر لینڈنگ کی کوشش کرنے والے روبوٹک خلائی جہاز وکرم سے رابطہ کھو بیٹھے۔ رپورٹ کے مطابق چندر یان ٹو مشن کی ناکامی سے بھارت کو 900 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، اب بھارت کو چاند کی سطح پر اپنے خلائی جہاز اتارنے میں کامیاب ہونے والی اقوام میں شامل ہونے کیلئے اگلے مشن کا انتظار کرنا پڑے گا۔ اگر بھارتی خلائی جہاز چاند کے جنوبی قطب کی سطح پر اتر جاتا تو وہ چاند پر خلائی جہاز کی لینڈنگ میں کامیاب ہونے والا چوتھا ملک بن جاتا۔ بھارتی خلائی جہاز چاند کی سطح سے دو کلو میٹر کے فاصلے پر تھا کہ اپنے مقرر کردہ راستے سے ہٹ گیا۔ مشن کنٹرول روم میں خاموشی چھا گئی کیونکہ رابطہ منقطع ہوچکا تھا۔
بھارت کے خلائی پروگرام کے ڈائریکٹر کے سیوان نے اس کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ اچانک خلائی جہاز کا رخ تبدیل ہوگیا۔ اب تک جو ڈیٹا حاصل ہوا اس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے، خلائی جہاز وکرم لینڈر سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں، میں خود سوچ میں پڑ گیا ہوں، کچھ سمجھ نہیں آ رہا۔ بھارت کے مون مشن کی ناکامی پر وفاقی وزیر فواد چودھری نے ٹویٹ کیا کہ ڈیئر انڈیا ! جو کام نہ آتا ہو پنگا نہیں لیتے۔