ایمنسٹی انٹرنیشنل کی لاہور کی سموگ پر ہنگامی تنبیہ جاری

Last Updated On 22 November,2019 07:11 pm

لاہور: (دنیا یوز) ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان کے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی سموگ پر "ہنگامی تنبیہ" جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں سموگ کے باعث ہر شہری کی صحت کو خطرہ ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ہوا کی کوالٹی کے جانچ جن اقدامات سے کر رہی ہے وہ عالمی معیارات کے مطابق نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو سموگ سے نمٹنے کے لئے درکار جانکاری اور آگاہی نہیں دی گئی۔

عالمی ادارے کے مطابق حکومت پاکستان اپنی عوام کو آلودہ آب و ہوا سے بچانے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے، آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے بڑے صوبے پنجاب میں آب و ہوا زہریلی ہو گئی ہے۔ زہریلی آب و ہوا کے باعث لوگوں کی صحت اور زندگیاں شدید خطرے میں ہیں۔

 

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا مزید کہنا ہے کہ سکول بند کردیئے گئے، سانس کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں، لوگوں کو سانس لینے میں دشواری ہے، 13 نومبر کو لاہور کی ائیر کوالٹی خطرناک حد 300 سے بھی تجاوز کرکے 556 ہو گئی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے حامیوں کو لاہور کی آبادی کے لیے مہم چلانے پر بھی اکسایا، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے وزیر ماحولیات کے نام سیمپل خط بھی جاری کیا ہے تاکہ اس کے دیکھا دیکھی دنیا بھر سے افراد اپنے خدشات زرتاج گل تک پہنچائیں۔