کانگو: (دنیا نیوز) افریقی ملک کانگو میں اقوام متحدہ کے دنیا کے سب سے بڑے امن مشن موجود اہلکاروں کیخلاف سینکڑوں افراد سڑکوں پر باہر نکل آئے، سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 6 شہری ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’الجزیرہ‘‘ کے مطابق افریقی ملک کانگو میں سینکڑوں افراد نے اقوام متحدہ کے مشن کے خلاف مظاہرہ کیا،مظاہرین نے امن مشن سے نکل جانے کی صدائیں بلند کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ شہریوں کو باغیوں کے حملے سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہی ہے۔
مظاہرین کی طرف اقوام متحدہ کے خلاف احتجاج کے دوران سکیورٹی فورسز نے شہریوں کو مشتعل کرنے کے لیے فائرنگ کی جسکے نتیجے میں 6 شہری ہلاک ہو گئے۔
سکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے کانگو ایئر پورٹ کے نواحی علاقے بنی ایریا میں خار دار تاریں لگا کر راستہ بند کیا ہوا ہے جہاں پر سینکڑوں کی تعداد میں شہری اقوام متحدہ کے امن کیخلاف نعرے لگا رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’’الجزیرہ‘‘ کے مطابق جس جگہ پر شہری احتجاج کر رہے ہیں وہاں پر شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ اس کی مقامی میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہاں پر عوام پر شدید فائرنگ کی گئی جبکہ اس دوران مظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ جمعہ کو باغیوں نے شہر پر حملہ کر کے 19 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ الائیڈ ڈیمو کریٹک فورسز نامی باغی عسکری تنظیم نے نومبر میں 32 سے زائد شہریوں کو ہلا ک کیا، کانگو میں اقوام متحدہ کا دنیا کا سب سے بڑا امن مشن موجود ہے۔