نیوزی لینڈ: آتش فشاں پھٹنے کے باعث 5 ہلاک، متعدد لاپتہ

Last Updated On 09 December,2019 06:13 pm

ولنگٹن: (دنیا نیوز)نیوزی لینڈ میں آتش فشاں پھٹنے کے باعث 5 افراد ہلاک جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔ 20 لاپتہ افرادکی تلاش جارہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ میں آتش فشاں کے پھٹنے کے باعث 5 افراد ہلاک ہو گئے، آسمان پر راکھ اوردھویں کے بادل 12 ہزارفٹ تک بلند ہو گئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق آتش فشاں پھٹنے کے وقت پچاس کے قریب افراد جزیرے میں موجود تھے، حکام کے مطابق بیس سے زائد سیاحوں کو بچا لیا گیا۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ لاوا کی شدت کے سب سے متاثرہ مقام کے آس پاس امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات حائل ہیں۔ پولیس آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد کی صورت حال کے بہتر ہونے کی منتظر ہے۔ آتش فشاں کے پھٹنے کے وقت پچاس سے ایک سو کے قریب افراد جزیرہ پر موجود تھے۔

ان افراد کی حتمی تعداد کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اب تک اس جزیرے سے تقریبا دو درجن افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ ستائیس افراد ابھی بھی لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ زندہ بچائے جانے والوں میں بیس زخمی ہیں۔ زخمیوں میں سات افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

وائٹ آئلینڈ پر پہنچے زیادہ تر افراد سیاح تھے۔ وہ زندہ آتش فشاں کو دیکھنے کے لیے کروز شپ کے ایک روزہ سیاحتی سفر پر تھے۔ جزیرے پر آتش فشاں سے متاثرہ افراد میں نیوزی لینڈ کے علاوہ دیگر ممالک کے سیاح بھی شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ساحل سمندر سے متصل واقع آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد بہت سے افراد لاپتہ ہیں۔ آرڈرن نے اپنے بیان میں بہت سارے افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی تھی۔ انہوں نے متارہ سیاحوں کی ہر ممکن مدد اور نگہداشت کا یقین دلایا ہے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے مطابق آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکل کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود محفوظ مقامات سے آگے تک پولیس نے تلاشی اور امدادی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔