تہران: (دنیا نیوز) یوکرین کا بوئنگ 737 طیارہ تہران کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، ایران ریڈ کریسنٹ کے مطابق تمام 176 مسافر ہلاک ہوگئے، حادثے میں مرنے والوں میں 82 ایرانی اور 63 کینڈین شہری تھے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق طیارے نے تہران کے امام خمینی ائیر پورٹ سے یوکرین کے دارلحکومت کیف کے لیے ٹیک آف کیا تھا، ریڈار ڈیٹا کے مطابق ٹیک آف کے صرف دو منٹ بعد ہی طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی اور ہنگامی لینڈنگ کی کوشش میں طیارہ زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق طیارے میں 167 مسافر اور عملے کے 9 ارکان سوار تھے۔ ریڈ کریسنٹ کے مطابق حادثے میں تمام افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔