اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سے عمان کے وزیر مذہبی امور عبداللہ بن محمد نے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر معزز مہمان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کانھیں بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے۔
وزیراعظم نے عمان کے سلطان قابوس بن سعید ال سعید کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان روایتی طور پر قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات مختلف شعبوں میں مزید فروغ پائیں گے۔