بغداد: (دنیا نیوز) البلد ایئربیس پر آٹھ راکٹ فائر کیے گئے، اس حملے میں 4 عراقی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ اس ایئربیس پر امریکی فوجی بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 8 جنوری کو ایران نے قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے عراق میں امریکی فضائی اڈوں پر ایک درجن سے زائد میزائلوں سے حملہ کر دیا تھا۔
ایران نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد انتقامی کارروائی قرار دیا تھا۔ ایرانی میزائلوں سے عراق میں امریکی فوج کے زیر استعمال ایربل اور عین الاسد ائیر بیس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے کا نام ’آپریشن سلیمانی‘ رکھا گیا تھا تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے اس فضائی اڈے کو نشانہ بنایا جہاں سے ہم پر بزدلانہ حملے کیے جاتے تھے۔ ہم جنگ کے خواہاں نہیں لیکن کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کریں گے۔