واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اعتراف کیا ہے کہ رواں ماہ کے شروع میں عراقی دارالحکومت کے قریب امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے میں 50 فوجی متاثر ہوئے۔
پینٹاگون کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل تھامس کیمبل نے بتایا کہ متاثرہ فوجیوں میں ٹرامیٹک برین انجری کی تشخیص ہوئی۔ ترجمان نے کہا 50 میں سے 31 فوجیوں کا علاج عراق میں کرایا گیا جس کے بعد وہ ڈیوٹی پر واپس آ گئے ہیں جب کہ 18 کاجرمنی میں علاج جاری ہے۔
انہوں نے کہا ذہنی صدمے میں مبتلا ایک امریکی اہلکار کو کویت منتقل کیا گیا تھا جو علاج کے بعد ڈیوٹی پر واپس آ چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایرانی میزائل حملے سے ٹراما میں مبتلا ہونے والے فوجیوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
قبل ازیں متاثرہ فوجیوں کی تعداد 11 اور پھر 34 بتائی گئی تھی۔ ابتدا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی میزائل حملے میں کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا۔