الفاظ کا درست چناؤ کیا کریں، ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی سپریم لیڈر پر برس پڑے

Last Updated On 18 January,2020 05:31 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر کو انتباہی انداز میں کہا ہے کہ الفاظ کا درست چناؤ کیا کریں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے گزشتہ روز نماز جمعہ سے قبل تقریر میں صدر ٹرمپ کو مسخرہ کہا تھا جب کہ ٹویٹ میں ٹرمپ حکومت کو شیطانی حکومت قرار دیا تھا جس پر امریکی صدر نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہ میرے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے الفاظ کے چناؤ کا خیال رکھا کریں۔ جس کے بعد ایک موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دونوں کے درمیان تلخ ’ٹویٹس‘ کا تبادلہ بھی ہوا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ صاف ظاہر ہو رہا تھا۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے صدر ٹرمپ کی ٹویٹ کا عکس شیئر کیا جس میں امریکی صدر نے ایرانی عوام کو عرصے سے مشکلات کا شکار قوم کہتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپنے صدارتی دور کے اوائل سے ہی ہر ہڑتال اور احتجاج کا جائزہ لے رہا ہوں اور اس پر میں اور میری حکومت آپ کیساتھ کھڑی ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے جوباً لکھا کہ امریکا کی شیطانی حکومت باربار ایرانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا جھوٹا راگ الاپ رہی ہے۔ اگر امریکا ایرانیوں کیساتھ کھڑا بھی ہے تو صرف اپنے زہر آلود خنجر سے دل پر وار کرنے کے لیے ہے اور ایسا کرنے میں امریکا ناکام رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔

ٹویٹر پر فعال امریکی صدر نے بھی ایران کی قومی زبان فارسی میں جواب دیا کہ امریکا سے محبت کرنے والی ایران کی غیور قوم ایسی حکومت کی حقدار ہے جو ان کے خوابوں کو پورا کرسکے نا کہ وہ حکومت جو انتقام کی آگ میں اپنے ہی عوام کو جھونک دے۔ ایرانی قیادت کو دہشت گردی ختم کرکے ایران کو روشن خیالی کی جانب گامزن کرنا ہوگا۔
 

Advertisement