افغان طالبان نے بین الافغان مذاکرات کو قیدیوں کی رہائی سے مشروط کر دیا

Last Updated On 03 March,2020 10:11 am

کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان نے بین الافغان مذاکرات کو قیدیوں کی رہائی سے مشروط کر دیا، دوسری جانب سرکاری افواج پر حملے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

5 ہزار طالبان قیدیوں کا معاملہ، افغان طالبان نے افغان فورسز پر حملے دوبارہ سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا، طالبان کا کہنا ہے کہ وہ افغان افواج کے خلاف لڑیں گے لیکن غیر ملکی افواج کو نشانہ نہیں بنائیں گے۔

افغان میڈیا کے مطابق اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ طالبان فوراً ہی حملوں کا آغاز کر دیں گے یا پھر یہ حکومت پر اپنے قیدی رہا کرانے کے لیے دباؤ بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

افغانستان میں امریکی افواج کے کمانڈر نے کہا ہے وہ وعدوں کے حوالے سے سنجیدہ ہیں اور طالبان سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنے وعدوں پر پورا اتریں گے۔

طالبان کےترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے اگر ان کے قیدی رہا نہ کئے گئے تو بین الافغان مذاکرات نہیں ہوں گے۔