ترک فورسز کی ادلب میں عسکری کارروائیاں تیز، 19 شامی فوجی ہلاک

Last Updated On 02 March,2020 05:35 pm

استنبول: (دنیا نیوز) ترک فورسز نے شام کے علاقے ادلب میں عسکری کارروائیاں تیز کر دیں، ترکی نے 19 شامی فوجی ہلاک کر دیئے۔

شام کے جنگی طیارے اور ٹینک تباہ کر دیئے گئے، دمشق نے ترکی کا ملٹری ڈرون مار گرایا، ادھر ترکی نے لاکھوں پناہ گزینوں کے لئے یورپ کے دروازے کھول دیئے، ہزاروں افراد یونان کی سرحد پر پہنچ گئے۔

شام کے صوبہ ادلب میں تُرک فوجیوں کی شام کی سرکاری افواج اور باغیوں کے ساتھ جنگ جاری ہے، ترک اور شامی افواج کے درمیان جھڑپوں میں شدت آ گئی، ترک وزیر دفاع نے کارروائی کو سپرنگ شیلڈ کا نام دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں ایک شامی ڈرون، آٹھ ہیلی کاپٹر، 103 ٹینک، راکٹ لانچرز اور دیگر فوجی ساز و سامان تباہ کیا گیا ہے۔

ترک وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ترکی روس کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتا۔ ترکی کے صدر کی اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات متوقع ہے۔ یورپی یونین نے بھی شام کی صورت حال پر ہنگامی اجلاس طلب کر رکھا ہے۔