مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کو نماز عشاء کے ایک گھنٹہ بعد بند کر دیا جائے گا اور ان بابرکت مقامات کو نماز فجر سے ایک گھنٹہ قبل دوبارہ کھولا جائے گا۔
سعودی حکام کے مطابق یہ اقدامات کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر اور حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں اٹھائے گئے ہیں۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری ہونے والی حالیہ ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مطاف اور صفا مروہ عمرہ کی بندش کے دوران بند رہیں گے۔ تاہم خانہ کعبہ میں نماز کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔
خیال رہے کہ مطاف خانہ کعبہ کا وہ سفید حصہ ہے جہاں مسلمان عمرہ اور حج کے دوران طواف کرتے ہیں۔ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے عمرہ زائرین پر پابندی میں 31 مارچ تک توسیع کی ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ کا طواف رکا نہیں بلکہ ٹاپ فلور پر طواف جبکہ مسجد حرام میں نماز کی ادائیگی بھی جاری ہے تاہم راؤنڈ فلور سمیت دیگر فلورز کو ڈس انفیکشن کے عمل کیلئے عارضی بند کیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے کہا ہے کہ فیصلہ عمرہ زائرین کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔ حکومت نے زائرین کو کرونا وائرس سے بچانے کیلئے مسجد حرام اور مسجد نبوی میں داخلہ عارضی بند کیا۔ مسجد حرام اور مسجد نبوی کی حدود میں کرونا سے بچاؤ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اقدامات مکمل ہوتے ہی جلد حرم کو داخلے کیلئے کھول دیا جائے گا۔ سعودی حکام دونوں مساجد میں جائے نماز اور فرش کی کلیننگ کا کام جاری ہے۔