واشنگٹن: (دنیا نیوز) کرونا دنیا کے 157 ممالک تک پھیل گیا، اٹلی میں کرونا سے ایک روز میں ریکارڈ 368 ہلاکتیں ہو گئیں جبکہ دنیا بھر میں اموات 6 ہزار 518 سے تجاوز کر گئی ہیں، ایران میں چوبیس گھنٹے کے دوران 113 اموات ریکارڈ ہوئیں، نیویارک کےبعد لاس اینجلس میں بھی تمام ریسٹورنٹس اور نائٹ کلب بند کر دیئے گئے۔
دنیا بھر میں کرونا کے سائے گہرے، چین نے مہلک وائرس پر کافی حد تک قابو پا لیا۔ ایک روز میں ہلاکتوں کی تعداد کم ہوتے ہوئے 14 پر رہ گئی جبکہ صرف سولہ نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
اٹلی میں کرونا سے ایک روز میں ریکارڈ 368 افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 1809 ہو گئی۔ ایران میں 113 مزید ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 724 ہو گئی۔
جنوبی کوریا میں 75، اسپین میں 292، فرانس میں 127، برطانیہ میں 35 افراد کرونا سے ہلاک ہو گئے۔ امریکا میں کرونا سے 69 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
نیویارک کے بعد لاس اینجلس میں بھی تمام ریسٹورنٹس اور نائٹ کلب بند کر دیئے گئے۔ کرونا کے خدشے کی وجہ سےمسجدالاقصیٰ جزوی طور پر تاحکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ اوقاف کےمطابق مسجد کے صحن میں نماز کی ادائیگی جاری رہے گی۔
سعودی عرب میں کرونا کے شکار افراد کی تعداد 118 ہو گئی۔ جنوبی افریقا کے صدر نے کرونا سے متاثر ممالک کے شہریوں پر پابندی لگا دی۔