اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کو کرونا وائرس کے چیلنجز کا سامنا ہے، اس صورتحال سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ احتیاطی تدابیر بہت ضروری ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خود صورتحال پر نظررکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے آج بھی اسی حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ کرونا وائرس کے تدارک کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی شہری گھروں سے نکلنے میں احتیاط برتیں کیونکہ ہماری پہلی ترجیح بیرون ملک سے وطن لوٹنے والے افراد ہیں۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں عام نزلہ، زکام میں مبتلا افراد کا کرونا ٹیسٹ شروع کردیں تو کٹس ختم ہو جائیں گیں۔ اس وقت پاکستان کے بڑے شہروں میں 14 لیبارٹیرز میں ڈائیگانوسٹک کٹس فراہم کی جا رہی ہے۔ ان لیبارٹریز میں کرونا ٹیسٹ مکمل طور پر مفت کیے جاتے ہیں۔ تاہم پتا چلا ہے کہ کچھ پرائیوٹ لیبارٹریز مہنگے داموں ٹیسٹ کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب متحد ہو کر کام کریں گے تو پاکستان محفوظ رہے گا۔ زائرین کی واپسی کے لیے کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرانا چاہیے۔ زائرین کے سندھ میں ٹیسٹ کرانا بہت اچھا فیصلہ ہے۔ اس حوالے سے سندھ حکومت کی تعریف کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 6 ہزار سے زائد زائرین ایران گئے تھے جو وہاں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کی وجہ سے غیر محفوظ تھے۔ حکمت عملی کے تحت زائرین کی واپسی کے لیے پلان بنایا گیا۔