جدہ: (دنیا نیوز) او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی بھارتی کوشش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈومیسائل قانون سے صورتحال مزید گھمبیر ہو جائے گی۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے۔
تفصیل کے مطابق او آئی سی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی تناسب بدلنے کی بھارتی کوشش مسترد کردی ہے۔ تنظیم نے جموں وکشمیر ری آرگنائزیشن آرڈر 2020ء کی منظوری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
او آئی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت ایک مسلمہ متنازع علاقہ ہے۔ بھارتی اقدام سے متنازع علاقہ میں آبادی تناسب متاثر ہو سکتا ہے۔
بیان میں بھارتی اقدام کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈومیسائل قانون سے صورتحال مزید گھمبیر ہو جائے گی۔ پانچ اگست کے بھارتی اقدام سے خطے میں انتہائی مخدوش حالات ہیں۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسئلہ کی حل کے لئے کوششوں کو تیز کیا جائے۔