ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی سپریم کورٹ نے کوڑوں کی سزا ختم کر دی ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق مجرمان پر کوڑے برسانے کے بجائے انہيں قید میں رکھا جائے گا يا پھر ان پر جرمانے عائد کيے جائيں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب ميں سزا کے طور پر کوڑے مارنے کے عمل کو ترک کر ديا گيا ہے۔
سعودی ہيومن رائٹس کميشن نے اس بارے ميں اطلاع ہفتے پچيس اپريل کو دی۔ کميشن نے اسے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے ملک میں انسانی حقوق کے حوالے سے جاری اصلاحاتی عمل کا حصہ قرار ديا۔
سعودی عرب ميں ماضی میں قیدیوں کو کوڑے مارنے کی سزا پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے کڑی تنقید کی جاتی رہی ہے۔
سعودی عرب ميں کوڑے مارنے کی سزا ملکی عدالت عظمی کی جانب سے ختم کی گئی ہے۔ سپريم کورٹ کے بيان ميں کہا گيا ہے کہ يہ اصلاحات، سزا اور انسانی حقوق سے متعلق بين الاقوامی تضاضے پورے کرنے اور سعودی عرب کو عالمی معيارات تک پہنچانے کے ليے جاری ہيں۔