نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا سے اب تک 884 ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور متاثرین کی تعداد 27 ہزار 977 تک پہنچ گئی ہے، صرف گزشتہ روز ایک ہزار 975 افراد وبا میں مبتلا ہوئے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 6 ہزار 185 مریض ہسپتالوں میں علاج معالجے کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں جس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کا تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی کے اجلاس سے خطاب متوقع ہے جس میں ممکنہ طور پر 40 روزہ لاک ڈاون کے مرحلہ وار خاتمے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دریں اثنا آج دلی کے علاقے پتپرگنج کے مقامی ہسپتال میں 2 ڈاکٹروں سمیت 33 ہیلتھ ورکرز میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ہسپتال میں کورونا سے متعلق حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں کورونا مریضوں سے متعلق 523 تک تعداد بڑھنے کا دعوٰی کیا ہے، مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ علاقے میں 137 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں تاہم 386 مریضوں کا علاج تاحال جاری ہے۔