واشنگٹن: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 958 تک پہنچ گئی، گذشتہ روز سب سے زیادہ 1552 افراد امریکا میں ہلاک ہوئے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے سب سے زیادہ کیس ایک اعزاز کی علامت ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری ٹیسٹنگ زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے سپیکر نینسی پیلوسی کو بیمار خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں دماغی مسائل ہیں۔ نینسی نے صڈر ٹرمپ کو اس عمر میں غیر منظور شدہ دوائی کے استعمال پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ڈبلیو ایچ او کے رکن ممالک نے کورونا وائرس کی مہلک وبا سے نمٹنے کے عالمی ردِ عمل کی آزادانہ تحقیقات کرانے پر اتفاق کیا ہے۔ عالمی ادارہ کی ورچوئلی میٹنگ میں اس قرارداد کو بغیر کسی اعتراض کے منظور کیا گیا ہے۔
برطانیہ میں کیمبرج یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے اگلے تعلیمی سال کے دوران آمنے سامنے کوئی لیکچر نہیں ہوگا۔ چین میں مزید 5 نئے کیس سامنے آئے ہیں، مہلک وائرس سے برازیل میں مزید 1130، برطانیہ میں 545، اٹلی میں 162، میکسیکو میں 155، بھارت میں 146 اور کینیڈا میں 70 افراد لقمہ اجل بنے۔