آکلینڈ: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ میں کورونا کے خاتمے کے اعلان کے بعد لوگ معمول کی زندگی سے لطف اندوز ہونے لگے۔
آکلینڈ اور ولنگٹن میں ریستوران اور کیفے کھل گئے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی چلنے لگی، لوگوں نے جم میں جا کر ورزش بھی کی، زندگی کی رونقوں سے محظوظ ہونے والوں کا کہنا تھا کہ بغیر کسی پابندی کے دوسروں سے بات کرکے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ گزشتہ روز کیوی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے اعلان کیا تھا کہ ان کے ملک میں کورونا کا ایک بھی مریض نہیں ہے۔
دوسری جانب سپین میں بھی لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی، میڈرڈ میں فزیکل ٹریننگ کے لیے سنٹرز کھل گئے جہاں ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے ٹریڈمل پر ٹریننگ شروع کر دی گئی، مشینز کو سینیٹائز کیا گیا، بازاروں اور شاپنگ سنٹرز میں ماسک کا استعمال ضروری قرار دیدیا گیا ہے۔