بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے امریکا پر جوابی وار کرتے ہوئے تبت کے معاملے پر امریکی حکام پر ویزا پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سیکریٹری آف سٹیٹ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ تبت کے معاملے پر متعدد چینی عہدیداروں کے لیے ویزا محدود کردیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ چین نے امریکی سفارت کاروں، صحافیوں اور سیاحوں کو تبت کے خودمختار خطے اور تبت کے دیگر علاقوں میں سفر کرنے پر بندشیں عائد کررکھی ہیں۔ اسی لیے امریکابھی چین کے متعدد عہدیداروں کے لیے ویزا محدود کرے گا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی آر سی حکومت اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ان عہدیداروں کو جو تبت کے علاقوں میں غیرملکیوں کی رسائی کے حوالے سے فیصلوں یا عمل درآمد میں ملوث اراکین پر ویزا محدود کرنے کا آج میں اعلان کررہا ہوں۔
خیال رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان میڈیا کے معاملات پر حالیہ مہینوں میں کورونا وائرس اور ہانگ کانگ سمیت دیگر مسائل کے بعد کشیدگی شروع ہوئی تھی۔
دوسری طرف تبت کے معاملے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے بیان کے بعد رد عمل دیتے ہوئے چین نے اعلان کیا ہے کہ امریکی حکام پر ویزا پابندی لگا رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے انتباہی انداز میں کہا ہے کہ امریکا تبت کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔