قاہرہ: (دنیا نیوز) مصر کے شہر قاہرہ میں تیل کی پائپ لائن میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 18 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
مصر کے دارالحکومت میں واقع پارکنگ سے پائپ لائن گزر رہی تھی جس میں آگ لگی، حادثے سے متعدد گاڑیاں بھی جل گئیں۔ پائپ لائن میں لگی آگ پھیلنے سے سیاہ دھویں کے بادلوں نے شہر کو لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پائپ لائن کی سپلائی بند کر دی گئی تاہم انہوں نے حادثے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ 2 درجن گاڑیوں کو جلتا دیکھا گیا۔
فائر بریگیڈ کی بیس گاڑیوں نے آگ بجھانے کے کام میں حصہ لیا، آتشزدگی کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ جس پائپ لائن میں آگ لگی وہ مبینہ طور پر کیمیکل کے لیے استعمال ہو رہی تھی، حکام نے ہلاکتوں کے خدشے کا بھی اظہار کیا ہے۔