امریکی وزیر خارجہ اور طالبان رہنما ملا برادر کے مابین قیدیوں کی رہائی پر تبادلہ خیال

Last Updated On 04 August,2020 09:53 am

قطر: (دنیا نیوز) قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا برادر نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت کی جس میں قیدیوں کی رہائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

طالبان کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے افغان امن سے متعلق گفتگو کی۔ طالبان ترجمان سہیل شاہین نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ دونوں فریقوں نے امارت اسلامیہ کے باقی قیدیوں کی رہائی کو مذاکرات کے آغاز کے لیے اہم سمجھا۔ امریکی وزیر خارجہ نے بھی عید الاضحی کے موقع پر امارت اسلامیہ کے اعلان کردہ جنگ بندی کا خیرمقدم کیا۔

افغان حکومت اور طالبان کے مابین عیدالاضحی کے موقع پر ایک دوسرے کے خلاف مسلح کاررائیاں نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا اس کے باوجود ننگرہار میں مسلح تصادم میں 29 افراد ہلاک ہو گئے۔ طالبان نے اس مسلح تصادم میں ملوث ہونے کی تردید کی جبکہ افغان حکام نے اس کو داعش کی کارروائی قرار دیا ہے۔

افغان حکومت اور طالبان کے مابین 3 روزہ جنگ بندی اتوار کو ختم ہو گئی تھی لیکن کابل کو امید تھی کہ اس میں توسیع ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ جمعرات کی رات میں افغانستان کے مشرقی صوبے لوگر میں بھی خودکش حملہ ہوا تھا، طالبان نے اس میں بھی ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔