لاہور: (ویب ڈیسک) حرم کعبہ میں حج کے دوران اگر تن تنہا عبادت کرنے کا موقع میسر آئے تو یقینا یہ انتہائی خوش قسمتی ہے، یہ معجزانہ لمحات ایک خاتون کے حصے میں آئے۔
رواں سال کورونا وائرس کے سبب علامتی حج کیا گیا لہذا اس دوران ایسے دلچسپ لمحات میسر آئے جو عام حالات میں ناممکن لگتے ہیں، حج کے دنوں میں خانہ کعبہ میں جم غفیر موجود ہوتا ہے چاہے دن ہو یا رات کا وقت ہو۔ لیکن جس کے نصیب میں خوش قسمتی لکھ دی گئی ہو تو پھر کوئی روک نہیں سکتا۔
حج کے دوران ایک تصویر منظر عام پر آئی جس میں حرم کعبہ میں عبادت کرتی اکیلی خاتون نظر آ رہی ہے، اس موقع پر کوئی دوسرا شخص نظر نہیں آ رہا۔ یہ منفرد لمحات دنیا کا ہر مسلمان گزارنا چاہتا ہے کہ مومن تن تنہا خانہ کعبہ کے سامنے اپنے رب سے راز و نیاز کرے اور سب کچھ مانگ لے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ حضرت آدمؑ کے بعد ایسے مواقع کم ہی آئے ہیں کہ ایک مومن نے اکیلے خانہ کعبہ کا طواف کیا ہو اور ان مبارک ساعتوں جن کی ہر مسلمان زندگی بھر تمنا کرتا ہے یوں اطمینان و سکون سے گزارے۔