واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا ہے کہ وہ اگر صدر بنے تو امریکا کے تاریک دور کا خاتمہ کر دیں گے۔ صدر ٹرمپ نے جو بائیڈن کو امریکیوں کے لئے بدترین ڈراؤنا خواب قرار دے دیا۔
ولمنگٹن میں ہونے والے کنونشن میں جوبائیڈن نے ڈیموکریٹس کی طرف سے کی گئی صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کر لی، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدراتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کو طویل عرصے سے اندھیروں میں دھکیل رکھا ہے، ٹرمپ نے غم و غصہ، خوف اور تفرقہ بازی پھیلا رکھی ہے۔ انہوں نے انتخابات کو روشنی اور تاریکی کی لڑائی کے طورپر پیش کیا۔
کنونشن میں موجود بہت سے ڈیموکریٹ رہنماؤں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوبائیڈن کی حمایت کا اعلان کیا، کنونشن کے اختتام پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے پنسلوانیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن کو امریکیوں کے لئے بدترین ڈراؤنا خواب قرار دیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ وہ امریکی خواب کو شرمندہ تعبیر کر نے کے لئے پاگل پن اور ملک کی تباہی کے درمیان دیوار بن چکے ہیں۔