امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا

Published On 23 August,2020 09:25 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آتشزدگی کو بڑی آفت قرار دیدیا دیا۔

کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ تیز ہواؤں کے باعث مزید بے قابو ہو گئی جس سے اب تک تین لاکھ، 14ہزار ایکٹر رقبہ جل کر راکھ ہو چکا ہے، خوفناک آگ کو ریاست کی دوسری بڑی آگ قرار دیا جارہا ہے جس پر قابو پانے میں 13ہزار سات سو فائر فائٹر مصروف ہیں۔

ہیلی کاپٹر اور طیارے کی مدد سے آگ پر کیمیکل پھینکا جارہا ہے تاکہ اس کی شدت میں کمی لائی جاسکے۔ 

واضح رہے کہ کیلیفورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں، رواں سال مارچ تک کیلیفورنیا میں 8 دفعہ آگ لگی جس نے 175 ایکٹر کے وسیع جنگلات کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔ 2018ء میں کیلیفورنیا میں آتشزدگی کے سبب درجنوں گھر جل کر راکھ ہو گئے تھے جبکہ آگ بجھانے کی کوشش میں 2 افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے۔