امریکہ: سیاہ فام شخص پر پولیس فائرنگ کے بعد مظاہرے، جھڑپوں‌ میں‌ متعدد افراد زخمی

Published On 25 August,2020 10:28 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ریاست وسکونسن میں پولیس فائرنگ سے سیاہ فام شخص کے زخمی ہونے کے بعد حالات بدستور کشیدہ ہیں، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی جیکب کے عزیز کا کہنا ہے ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔

امریکا میں نسل پرستی اور پولیس تشدد کا سلسلہ رک نہ سکا، ریاست وسکونسن میں پولیس کی جانب سے سیاہ فام شہری کو گولیاں مارنے کے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔کینوشا شہر میں کرفیو کے باوجود جلاؤگھیراؤ کے واقعات ہوئے، مظاہرین نے کئی سرکاری گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ نوجوانوں نے پولیس ہیڈکوارٹر کے سامنے بھی مظاہرہ کیا۔

زخمی جیکب کے عزیز کا کہنا ہے کہ ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور انہیں مکمل انصاف چاہیے۔ ریاست کے گورنر نے نیشنل گارڈز سے مقامی پولیس کی مدد کا مطالبہ کیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جیکب بلیک، دو خواتین کے درمیان لڑائی چھڑوانے کے بعد گاڑی میں بیٹھ رہا تھا جب پولیس اہلکاروں نے اس کو گولیاں ماریں۔