جوبائیڈن کا سیاہ فام افراد کو گولیاں مارنے والے پولیس اہلکاروں کو ذمہ دار ٹھہرانے پر زور

Published On 03 September,2020 10:29 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے سیاہ فام افراد کو گولیاں مارنے والے پولیس اہلکاروں کو ذمہ دار ٹھہرانے پر زور دیا ہے، وہ اپنے آبائی شہر ولمنگٹن میں اسکولز کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کے دوران صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔

ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے صدر ٹرمپ کو وبا سے ہونے والے نقصان کا ذمہ دارقرار دیا۔ صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئےطنزیہ کہا آپ کہاں ہیں؟ ہمیں اسکولز کے لیے فنڈز کی فوری ضرورت ہے، آپ اس پر کام کیوں نہیں کر رہے۔ یہ آپ کا فرض ہے۔

جوبائیڈن نے سیاہ فام افراد کو گولیاں مارنے والے پولیس اہلکاروں کو واقعے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام کو اپنا کام کرنا چاہیے۔ نائب صدر کی امیدوار کملا ہیرس نے بھی کہا کہ پولیس اہلکاروں پر فرد جرم عائد کی جائے۔