عمان: (روزنامہ دنیا) اردن کے شاہ عبد اللہ نے پارلیمنٹ تحلیل کر دی، شاہ اردن کے اعلان کے بعد پارلیمان کے 130رکن آئین کے تحت ایک ہفتہ کے اندر مستعفی ہوجائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 20 ستمبر 2016 کے انتخابات کے بعد قائم ہونے والی پارلیمان نے 4 سالہ مدت مکمل کرلی۔ شاہ اردن کے اعلان کے بعد ملک میں رواں سال نومبر میں پارلیمانی انتخابات کرائے جانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اردن کے الیکشن کمیشن نے ایک ماہ قبل ہی اعلان کیا تھا کہ نئے الیکشن 10 نومبر کو ہوں گے۔
اردن میں 4 سال قبل منظور کئے گئے انتخابی قانون کے مطابق اراکین پارلیمنٹ کی تعداد 150 سے کم کر کے 130 کر دی گئی تھی جبکہ ووٹرز کو آزادی ہے کہ وہ امیدواروں کی فہرست میں شامل ایک سے زیادہ امیدواروں کو ووٹ دینے کا حق دے دیا گیا تھا۔
ملک میں گزشتہ پارلیمانی انتخابات کے دوران 41 لاکھ ووٹروں میں سے 15 لاکھ ووٹروں نے ووٹ ڈالنے کا حق استعال کیا تھا جبکہ 2013 میں 21 لاکھ لوگوں نے انتخابی عمل میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔