ماسکو: (دنیا نیوز) آرمینیا اور آذربائیجان میں جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہو گا۔ 27 ستمبر سے شروع ہونے والی جنگ میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ماسکو میں ہونے والی ملاقات میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی جو دس گھنٹے تک جاری رہی۔ ایک مشترکہ بیان میں سیز فائر معاہدے کا اعلان کیا گیا، آرمینیا اور آذربائیجان میں جنگ بندی پر عملدرآمد کا آغاز آج سے ہوگا۔
جنگ بندی کا مقصد قیدیوں کا تبادلہ اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کا تبادلہ کرنا ہے۔ معاہدے میں یہ شرط بھی شامل کی گئی ہے کہ جنگ بندی تنازع کے حل کے لیے بات چیت کی راہ ہموار کرے گی۔ آذربائیجان نے آرمینین فوج کی نگورنو کاراباخ سے مکمل انخلا کو ممکنہ جنگ بندی سے مشروط کیا تھا۔
آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان 27 ستمبر سے شروع ہونے والی جنگ میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جنگ کے باعث ہزاروں افراد کو متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی بھی کرنا پڑی، دونوں ممالک کے درمیان نگورنو کارا باخ سے متعلق تنازعہ 1990ء سے چل رہا ہے۔