اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علیزادے نے کہا ہے کہ آرمینیائی افواج فوری طور پر غیر مشروط طور پر ہمارے علاقوں سے نکل جائیں۔
سفیر علی علیزادے کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آرمینیا کو فوری طور ہر آذربائیجان کے علاقے خالی کردینا چاہیں۔ ہمارا مطالبہ فوری اور غیر مشروط انصاف ہے۔
اسلام آباد میں آذربائیجان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشنز اور ملٹری اتاشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی علیزادے کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کی جانب سے کبھی بھی آرمینیا کے شہری علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا، ہماری افواج صرف عسکری تنصیبات کو ہی نشانہ بناتی ہیں۔
ملٹری اتاشی کرنل مہمان نوروز کا کہنا تھا کہ آرمینیا گمراہ کن خبریں پھیلا رہا ہے کیونکہ میدان جنگ میں اس نے اپنی شکست دیکھ لی ہے۔ ہم نے آرمینیا کے کسی علاقے کو نشانہ نہیں بنایا، صرف اپنے مقبوضہ علاقوں سے قبضہ چھڑوانے کے لیے کارروائی کی گئی۔
آذربائیجان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشنز سمیر گلئیوف کا کہنا تھا کہ آرمینیا نے بیرون ممالک سے آئے دہشتگردوں کو مسلح کر کے محاذ پر بھیجنا شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب آذربائیجان صرف اپنی سالمیت کا دفاع کررہا ہے۔