نئی دہلی: (دنیا نیوز) امریکا اور انڈیا نے ایک حساس سیٹیلائٹ ڈیٹا کی فراہمی کیلئے ایک متنازعہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ امریکا کی جانب سے حساس سیٹیلائٹ ڈیٹا کی فراہمی اور اس مدد سے بھارت اہداف کو درست انداز سے نشانہ بنے سکے گا۔ اس متنازعہ معاہدے پر دستخط کیلئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع مارک ایسپر انڈیا میں موجود ہیں۔
بھارت اور امریکا کے درمیان ان مذاکرات کو ‘’ٹو پلس ٹو’’ کا نام دیا گیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان بیسک ایکسچینج اینڈ کارپوریشن ایگریمنٹ (بی ای سی اے) معاہدے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، وزیر دفاع مارک ایسپر، ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے دستخط کئے۔
اس معاہدہ کی رو سے ہندوستان میزائل حملے کیلئے خاص امریکی ڈیٹا کا استعمال کرسکے گا۔ اس میں کسی بھی علاقہ کی صحیح جغرافیائی لوکیشن ہوتی ہے۔
میٹنگ کے دوران وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے ہمارے دو طرفہ تعلقات مسلسل مستحکم ہورہے ہیں۔ جبکہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہماری شراکت داری موجودہ چیلنجوں کے پیش نظر مزید اہم ہو جاتی ہے۔
معاہدہ ہونے کے بعد امریکی وزیر خارجہ پومپیو کا کہنا تھا کہ چین کے خطرات کا سامنا کرنے کیلئے آج ہم بات چیت کرکے کیلئے بہت کچھ کر رہے ہیں۔
اس سے قبل امریکی وزرا ہندوستان پہنچے تو سب سے پہلے ان کی ملاقات قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے ہوئی۔ یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مشرقی لداخ میں ایکچوؤل لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور چین کی افواج آمنے سامنے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان 1962ء کے بعد سب سے سنجیدہ فوجی کشیدگی ہے۔