واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی، ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ٹرمپ کو نوسرباز قرار دے دیا۔ صدر ٹرمپ کہتے ہیں وہ جیت کر معیشت کو بحال کر دیں گے۔ تقریبا 7 کروڑ امریکی شہریوں نے ارلی ووٹنگ کے ذریعے اپنی رائے دے دی۔
امریکی صدارتی انتخابات میں حریفوں کی انتخابی مہم آخری ہفتے میں داخل ہو گئی۔ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے ٹرمپ کو نوسرباز قرار دے دیا۔ ریبپلکنز کی حامی سمجھی جانے والی ریاست جارجیا میں خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے طنزا کہا کہ صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وبا کو بڑی قابلیت سے سنبھالا۔
ریاست مشی گن میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ جیت کر معیشت کو بحال کر دیں گے اور اگر بائیڈن جیت گئے تو امریکی اکانومی کا کوئی حال نہیں رہے گا۔ وہ تقریر کے بعد اپنے حمایتیوں کو خوش کرنے کے لیے جھومنا نہیں بھولے۔ سخت سردی کے باوجود صدر ٹرمپ کے حامی بڑی تعداد میں سڑکوں پر آئے، انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ نام کا فلوٹ بنا رکھا تھا۔
امریکا میں ابتدائی ووٹنگ بھی جاری ہے، اب تک تقریبا 7 کروڑ امریکی شہری ارلی ووٹنگ کے ذریعے اپنا ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔