واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں صدارتی انتخابات میں دوسرا مباحثہ ملتوی ہونے کے بعد دونوں حریفوں نے مختلف ٹی وی چینلز پر خطاب کیا۔ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے امریکی نہیں صدر ٹرمپ خود گھبرا گئے۔ امریکی صدر نے وبا کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی کا دفاع کیا۔
امریکا کا اگلا صدر کون ہو گا، حریفوں کے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے جاری ہیں۔ پنسلوانیا میں خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے کہا کہ صدر ٹرمپ کورونا وبا کے مقابلے میں گھبرا گئے۔ وائرس کی ہلاکت خیزی کو امریکی عوام سے چھپایا جس سے دو لاکھ سے زائد جانیں گئیں، انہوں نے مزید کہا کہ امریکی نہیں صدر ٹرمپ خود کورونا سے گھبرا گئے۔
ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وبا کے حوالے سے اپنی حکمت عملی کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا صدر ہوں، لوگوں سے ملنا پڑتا ہے۔ کسی تہہ خانے میں نہیں رہ سکتا۔
دونوں کے درمیان تیسرا اور آخری مباحثہ 22 اکتوبر کو ہو گا، امریکا میں ارلی ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، ووٹرز لائن میں لگنے کی بجائے پوسٹل ووٹنگ کا طریقہ استعمال کر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالنے پر پہلے ہی خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔