واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ریاست جارجیا میں پیشگی ووٹنگ کے لیے ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئیں، صدر ٹرمپ ارلی اور پوسٹل ووٹنگ میں دھاندلی کے خدشے کا اظہار کر چکے ہیں۔
ریاست جارجیا کے مختلف شہروں میں ووٹرز صدارتی انتخاب میں اپنی رائے دینے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے۔ پولنگ کیلئے آئے ووٹرز لمبی قطاروں میں گھنٹوں اپنی باری آنے کا انتظار کرتے رہے تاہم اس دوران شہریوں نے ماسک لگا کر کورونا ایس او پیز کا بھی بھرپور خیال رکھا۔
اٹلانٹا میں بھی لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا جو شام 5 بجے تک سٹیشنز کے باہر موجود رہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ گھروں سے ووٹ ڈالنے کیلئے نکلے ہیں اب اس کام میں چاہے جتنا وقت صرف ہو جائے۔ واضح رہے کہ اب تک ریکارڈ ایک کروڑ سے زائد امریکیوں نے ارلی ووٹنگ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔
اس سے قبل جون میں ہونے والے پرائمری انتخابات میں ووٹرز کو 104 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کردہ پولنگ سسٹم میں تکنیکی خرابیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔