واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے گیارہ دن بعد ہی انتخابی مہم میں واپس آ گئے۔ فلوریڈا میں بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ طاقتور محسوس کر رہے ہیں۔
امریکی صدر کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا، صدر ٹرمپ نے انتخابی مہم دوبارہ شروع کر دی۔ ریاست فلوریڈا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت یابی کے بعد وہ خود کو طاقتور محسوس کر رہے ہیں۔ سین فورڈ ریلی میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد کے درمیان کھڑا ہو کر بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں، اپنی آبائی ریاست میں آ کر بہت اچھا لگا، انہوں نے اس بات کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ وہ امریکا کو عظیم تر بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ عوام کی دعاؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
دوسری جانب اوہائیو میں خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے کہا کہ سفید فام انتہا پسندی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے، صدر ٹرمپ اور جو بائیڈن 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں امریکی عوام کا اعتماد جیتنے کی کوشش کریں گے۔