نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے بیرن ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہمارا خدشہ اس وقت درست ثابت ہوا جب بیرن کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ خوش قسمتی سے بیرن صحت مند نوجوان ہے، اس لیے ان میں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
یاد رہے امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ سمیت صدارتی دفتر وائٹ ہاؤس کے عملے کے ارکان بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے مگر اب وہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔
امریکی ریاست آئیوا میں انتخابی مہم پر جانے سے قبل صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں رپورٹرز کو بتایا کہ ان کے سب سے چھوٹے بیٹے ٹھیک ہیں۔
26 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کی جانب سے ایمی بیرٹ کی امریکی سپریم کورٹ کے لیے جج کی نامزدگی کی تقریب کو صدر ٹرمپ اور دیگر افراد کے کورونا سے متاثر ہونے کی وجہ خیال کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ دو اکتوبر کو صدر ٹرمپ اور امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے کورونا سے متاثر ہونے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی میلانیا ٹرمپ کی چیف آف سٹاف نے میڈیا کو بتایا تھا کہ بیرن ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ اور خاتون اول کورونا وائرس کا شکار، قرنطینہ میں چلے گئے
امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مرتب کردہ اعدادو شمار کے مطابق امریکا میں اب تک ریکارڈ 78 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ دو لاکھ 16 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔
میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل جب میں اور صدر ٹرمپ کورونا سے متاثر ہوئے تو اس وقت میں دھیان فوراً قدرتی طور پر ہمارے بیٹے کی جانب گیا۔ ابتدا میں بیرن ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر بہت شکر ادا کیا لیکن بعدازاں ان میں بھی وائرس کی تصدیق ہو گئی تھی۔
امریکی خاتون اول کا کہنا تھا کہ ایک طرح سے یہ اچھا تھا کہ ہم تینوں کورونا سے ایک ساتھ متاثر ہوئے تھے اس طرح سے ایک دوسرے کا خیال رکھنے اور ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا۔
اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ انھیں جسم درد، کھانسی اور تھکاوٹ سمیت انھیں کورونا کی تمام علامات برداشت کرنے کے تجربے سے گزرنا پڑا ہے۔ کورونا سے صحت یابی کے لیے میں نے قدرتی طریقہ علاج اختیار کیا اور صحت مند خوراک اور مخلتف وٹامنز کا استعمال کیا۔
واضح رہے کہ امریکی خاتون اول نے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد وائٹ ہاؤس میں ہی قرنطینہ اختیار کیا تھا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تین دن کے لیے میری لینڈ کے والٹر ریڈ ملٹری ہپستال داخل ہوئے تھے۔