لاہور: (دنیا نیوز) دو حکومتی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں، وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، دونوں وزراء نے خود کو آئیسولیٹ کرلیا۔
وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی گزشتہ شام طبیعت ناساز ہوئی، انہوں نے گلے کی خرابی اور بخار محسوس ہونے پر کورونا ٹیسٹ کروایا، جو مثبت آگیا، جس پر میاں اسلم اقبال نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔
وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے بھی طبیعت کی ناسازی پر کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جومثبت آگیا۔ سید حسین جہانیاں گردیزی کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد سے آئیسولیشن میں ہیں۔ وزیر زراعت نے کورونا سے صحتیابی تک تمام عوامی سرگرمیاں منسوخ کر دیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس سے مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 614 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 218 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 756 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ ایک ہزار 237، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 997، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 464، بلوچستان میں 15 ہزار 599، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 982، اسلام آباد میں 17 ہزار 681 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 258 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 39 لاکھ 75 ہزار 596 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 862 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 5 ہزار 395 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 533 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 13 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 614 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 277، سندھ میں 2 ہزار 566، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 191، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 80 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔