نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکی میں متعدد ایکٹیوسٹ گروپس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ صدر ٹرمپ الیکشن ہارنے کی صورت میں نتائج ماننے سے انکار کرسکتے ہیں، ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سو سے زائد گروپوں نے احتجاج کی تیاری کر لی۔ ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا ہے کہ ان کو یقین ہے، 20 جنوری کو جو بائیڈن ہی صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج ماننے سے انکار کیا تو کیا ہوگا امریکا کے جمہوریت پسند طبقے میں خدشات جنم لینے لگے۔
ٹرمپ کے ممکنہ غیر جمہوری اقدام کے پیش نظر 130 ایکٹیوسٹ گروپوں نے اتحاد قائم کیا ہے جو ٹرمپ کی جانب سے ممکنہ طور پر انتخابی نتائج ماننے سے انکار کی صورت میں پورے امریکا میں مظاہرے کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بائیڈن کو ووٹ دیا تو خوشیاں برباد ہو جائیں گی: ٹرمپ، بائیڈن کی معروف ٹی وی شو میں شرکت
دوسری جانب ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کا کہنا ہے کہ وہ جو بائیڈن کی کامیابی کے لیے پر امید ہیں، چاہے کچھ بھی ہوجائے، 20 جنوری کو جو بائیڈن ہی صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔
اُدھر رپبلکن پارٹی کو ہیکرز کی جانب سے شدید دھچکا لگا ہے، وسکانسن ریپبلکن پارٹی کے اکاؤنٹ سے ہیکرز نے 23 لاکھ ڈالر چرا لیے یہ رقم ریاست وسکانسن میں ٹرمپ کی انتخابی مہم پر خرچ ہونا تھی۔