جنیوا: (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کے بحران کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے عالمی ادارہ صحت پر چین کی طرف داری اور تعصب برتنے کے الزامات اورامداد بند کرنے کی دھمکیوں کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اڈھانوم گیبریوس نے امریکی صدر کے بیان کے جواب میں تین نکاتی ردعمل جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے خلاف قومی اور عالمی سطح پر تمام ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔ کووڈ-19 کے بحران کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کرنا ہوگا اور اس عالمی وباء کے خلاف مخلصانہ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی لیڈروں بالخصوص چین اور امریکا کوشفافیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور کسی بھی ملک کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ کرونا وباء کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ منگل کو وائٹ ہائوس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر چین کی طرف داری کرنے اور تعصب برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دھمکی دی تھی وہ ڈبلیو ایچ او کو دی جانے والی امداد روک سکتے ہیں۔