واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے ایران پر حملے کرنے کے لیے آپشن طلب کئے تھے لیکن اسے روک دیا گیا، امریکی اخبار کے مطابق وزیر خارجہ اور نائب صدر نے ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جاتے جاتے جنگ چھیڑنا چاہتے تھے، امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے بڑھتے ہوئے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے حملہ کرنا چاہتے تھے۔
صدر ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے ایران پر حملے کرنے کے لیے آپشنزطلب کئے تھے، وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور نائب صدر مائیک پنس نے حملے سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جس کے بعد حملے کا منصوبہ روک دیا گیا۔
امریکی اخبار کے مطابق مشیروں نے سمجھایا کہ صدارت کے آخری ہفتوں میں یہ حملہ وسیع تنازع میں بدل سکتا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے چار موجودہ اور سابق امریکی عہدے داروں کے حوالے سے بتایا کہ یہ ملاقات گذشتہ جمعرات کے روز اوول آفس میں ہوئی۔
امریکی عہدے داروں نے صدر ٹرمپ کو ایران پر حملہ نہ کرنے پر راضی کر لیا۔ اہم اجلاس میں نائب صدر، وزیر خارجہ، قائم مقام وزیر دفاع، جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے چیئرمین اور سینئر مشیر شامل تھے۔