تہران: (دنیا نیوز) ایران نے فضائی دفاع مزید مضبوط کرنے کیلئے جنگی مشقیں کیں جن میں جدید جنگی جہازوں اور ڈرونز نے حصہ لیا۔
تازہ ایرانی مشقوں میں زمین سے فضا تک مار کرنے والے نئے میزائل بھی شامل ہیں۔ بریگیڈیر جنرل قادر رحیم زادہ نے کہا کہ ان مشقوں کے دوران فضائی دفاعی نظام کو حقیقی جنگی صورتحال کے تناظر میں ٹیسٹ کیا جائے گا تاکہ کسی بھی بیرونی حملے کی صورت میں ملکی سکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔
مشقوں میں ایرانی فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں کے علاوہ مقامی سطح پر طیار کردہ ڈرونز کی صلاحیت بھی آزمائی جا رہی ہے، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے پابندیوں کی نئی کوششیں بھی ناکام ہوں گی۔
واضح رہے کہ ایران پر اقوام متحدہ کی جانب سے اسلحے کی خریداری سے متعلق عائد کردہ پابندی 18 اکتوبر سے ختم ہو گئی ہے جس کے بعد سے ایران نے اسلحہ خریداری سے متعلق پیش رفت میں اضافہ کیا ہے۔