ایران پر پابندیاں: برطانیہ، فرانس، جرمنی اور روس نے امریکی اقدام مسترد کردیا

Published On 20 September,2020 04:59 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ، فرانس، جرمنی اور روس نے امریکی اقدام کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ سیکیورٹی کونسل میں شکست کھانے کے بعد امریکا نے ایران پر یکطرفہ طور پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تفصیل کے مطابق سلامتی کونسل میں شکست کے بعد امریکا کی من مانیاں جاری ہیں، ایران پر پابندیوں کا اعلان کر دیا لیکن اسے جرمنی، فرانس، برطانیہ اور روس نے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

ایران نیوکلیئر ڈیل کے تحت اٹھائی گئی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کے لیے امریکا نے سلامتی کونسل سے رابطہ کیا تو امریکا کے حق میں صرف ایک ووٹ پڑا تھا۔

گزشتہ روز امریکا نے یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں بحال کرنے کا اعلان کیا۔ معاہدے میں شامل یورپی طاقتوں کا کہنا ہے کہ امریکا اب معاہدے کا حصہ نہیں، اس لیے ان کی پابندیوں کا بھی کوئی قانون جواز نہیں ہے۔

جرمنی، فرانس، برطانیہ، روس اور چین اب بھی ایران کے ساتھ طے شدہ معاہدے پر کاربند ہیں جس کے تحت ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوششوں سے دستبردار ہو گیا تھا۔ 2015ء میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان طے پانے والے ایٹمی معاہدے سے امریکا 2018ء میں الگ ہو گیا تھا۔

 

Advertisement