مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ کرنے کے لئے چڑھائی کر دی، نڈر فلسطینیوں کی مزاحمت نے پسپائی پر مجبور کر دیا، چین کے صدر نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کا عالمی دن منانے پر اقوام متحدہ کو مبارک باد دی۔
بربریت، تشدد، ظلم و ستم کا بازار گرم، انتہا پسند اسرائیلیوں کا فوج کے حصار میں فلسطینیوں پر حملہ جس کا مقصد نئی یہودی بستیوں کے لئے زمین ہتھیانا تھا۔ علاقہ خالی کروانے کے لئے فلسطینیوں کو مارا پیٹا، خونخوار کتوں سے ڈرایا اور املاک کو نذر آتش کردیا۔
نہتے مگر جرات مند فلسطینیوں نے بھرپور دفاع کیا، صہیونیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارا، بزدل صہیونی کارندے پسپائی پر مجبور ہو گئے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کا عالمی دن منانے پر اقوام متحدہ کو مبارک باد دی ہے، چینی صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن فلسطین کے دو ریاستی حل کے بغیر ممکن نہیں ہے۔